سعودی صنعتی کمپلیکس پر حملوں کی مذمت، ایران کے اقدامات امن کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں: کور کمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی (ویب ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز نے کہا ہے کہ 274ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں سعودی عرب کے پیٹروکیمیکل اور صنعتی کمپلیکس پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایران کے حملے خطے میں جاری امن کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق کانفرنس کی صدارت چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر نے کی، جس میں ملک کی داخلی و خارجی سلامتی کی صورتحال اور پیشہ ورانہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

فورم نے سعودی عرب کی جانب سے حالیہ صورتحال میں تحمل مزاجی اور محتاط رویے کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلاجواز جارحیت نہ صرف پرامن اقدامات بلکہ خطے میں سازگار ماحول کو بھی متاثر کرتی ہے۔

بیان کے مطابق فورم نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے حکومتِ پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اصولی سفارتکاری کے ذریعے امن کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ فورم نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار فریق کے طور پر علاقائی سلامتی میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں انڈیا کی جانب سے پھیلائی جانے والی گمراہ کن معلومات، مبینہ فالس فلیگ کارروائیوں اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل کارکردگی اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت، مسلح افواج اور عوام کے باہمی تعاون سے پاکستان اپنی سلامتی، معاشی استحکام اور عالمی و علاقائی حیثیت کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ انڈیا اور دیگر بیرونی سرپرستوں کی ایما پر کام کرنے والے دہشت گرد عناصر، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کو بلا امتیاز ختم کیا جائے گا۔ فورم نے واضح کیا کہ آپریشن آپریشن غضب للحق کی رفتار برقرار رکھی جائے گی یہاں تک کہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ اور افغانستان کی سرزمین کے استعمال کو مکمل طور پر روکا جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں