پنوعاقل (انڈس ٹربیون) ضلع سکھر کے تحصیل پنوعاقل کے نواحی علاقے میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔
مقتول کے قریبی رشتہ دار معشوق ماچھی کے مطابق یہ واقعہ رضا گوٹھ تھانے کی حدود سومرا پنہواری میں پیش آیا جہاں نوجوان فاروق ماچھی سے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی گئی۔ مزاحمت کرنے پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
لاش کو فوری طور پر تعلقہ اسپتال پنوعاقل منتقل کر دیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد میت ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔
ورثاء کا کہنا ہے کہ نوجوان کو موٹرسائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر قتل کیا گیا ہے، جبکہ ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل سلھر میں بھی 70 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں نے پیٹرول پمپ کے مالک نیاز بگٹی کو قتل کر دیا تھا، جس کے بعد علاقے میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش بڑھ گئی ہے۔