گوجرانوالہ میں تین مبینہ پولیس مقابلے، 2 ملزمان ہلاک، 3 زخمی گرفتار

گوجرانوالہ (ویب ڈیسک): گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان ہونے والے تین مبینہ مقابلوں میں 2 ملزمان ہلاک جبکہ 3 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق پہلا مقابلہ تھانہ لدھیوالہ وڑائچ کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب پولیس ٹیم ملزمان کو برآمدگی کے لیے لے جا رہی تھی۔ اس دوران ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی تو مبینہ طور پر ان کے اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے 2 ملزمان ہلاک ہو گئے۔

ہلاک ہونے والوں کی شناخت یاسر اور مصطفیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یاسر اپنی بیوی اور بیٹی کے قتل کا مبینہ ماسٹر مائنڈ تھا جبکہ دوسرا ملزم اجرتی قاتل بتایا جاتا ہے۔

دوسرا مقابلہ تھانہ سول لائن کے علاقے میں ہوا جہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ریکارڈ یافتہ ملزم صدیق کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے 5 ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

تیسرا مقابلہ تھانہ کوتوالی کی حدود میں پیش آیا جہاں پولیس نے چوری اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث خرم شہزاد اور حمزہ کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور 50 ہزار روپے نقدی بھی برآمد کی گئی ہے، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں