سکھر (ویب ڈیسک): یومِ مزدور کے موقع پر انصاف لیبر ونگ ڈویژن سکھر کے صدر لالا اکبر شاہ کی جانب سے یکم مئی کے حوالے سے ایک باوقار تقریب شاہ فیصل کالونی نزد گولیمار شکارپور پھاٹک پر منعقد کی گئی، جس میں تنظیم کے عہدیداران اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں مہمانِ خصوصی نوید احمد کھوسو (ڈپٹی جنرل سیکریٹری لیبر ونگ سندھ) تھے، جبکہ پارٹی کے سینئر اراکین دوا خان، اسد علی راجپوت، شاہ محمد بھٹو، علم شاہ، سراج احمد کھوسو، عبداللہ ملانو، مقصود احمد، رقیب الرحمن، مختیار سومرو، لیاقت علی کھوسو اور سکھر کے دیگر پارٹی کارکنان نے بھی بھرپور شرکت کی۔
مقررین نے اپنے خطاب میں یومِ مزدور کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، بہتر روزگار کے مواقع اور انصاف کی فراہمی پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی میں مزدور طبقے کا کردار نہایت اہم ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنا ضروری ہیں۔
تقریب کے اختتام پر مزدوروں کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔