وزیر تعلیم سندھ کے حلقے میں اسکول کی دیوار گرنے سے 3 کمسن بچیاں جاں بحق

عمرکوٹ(ویب ڈیسک) سندھ کے ضلع عمرکوٹ کے گاؤں گموری کے کوری محلے میں اسکول کی دیوار گرنے سے تین کمسن بچیاں ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئیں.

اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچیوں کی شناخت 13 سالہ صغریٰ بنت ابوبکر، 3 سالہ کنزہ بنت عبدالصمد اور رائیبا بنت فاروق کوری کے ناموں سے ہوئی ہے.

مقامی افراد نے فوری طور پر بچیوں کو ملبے سے نکال کر سول اسپتال عمرکوٹ منتقل کیا، تاہم ڈاکٹرز نے تینوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی.

ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ واقعے کے بعد گاؤں میں فضا سوگوار ہے اور اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں.

مقامی ذرائع کے مطابق تینوں بچیاں مدرسے سے گھر واپس جا رہی تھیں کہ اسی دوران اچانک اسکول کی دیوار گر گئی، جس کے نتیجے میں یہ المناک حادثہ پیش آیا.

امرکوٹ سندھ کے وزیر تعلیم سردار شاہ کا آبائی ضلع اور انتخابی حلقہ ہے، وزیر تعلیم سندھ کے حلقے میں افسوسناک واقعے اور اسکول عمارتوں کی خستہ حالی نے سندھ میں محکمہ تعلیم کی کارکردگی پر بہت بڑا سوال پیدا کر دیا ہے.

اپنا تبصرہ لکھیں