صادق آباد: ڈیرے پر فائرنگ، پیپلز پارٹی کشمور کے رہنما سمیت 3 افراد قتل

صادق آباد(ویب ڈیسک) پنجاب میں ضلع رحیم یار خان کے تحصیل صادق آباد کے چوک چدھڑ کے علاقے میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب نامعلوم مسلح افراد نے ڈیرے پر سوئے افراد پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں پاکستان پیپلز پارٹی ضلع کشمور کے نائب صدر اور ضلع کونسل کشمور کے رکن سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے رات کی تاریکی میں ڈیرے پر دھاوا بول کر نیند میں سوئے افراد کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں پیپلز پارٹی ضلع کشمور کے نائب صدر اور ضلع کونسل کے رکن عالمگیر کوش، ان کے کزن کے بیٹے معشوق کوش اور ڈیرے کے مالک غلام یاسین کوش کے بیٹے ناظم کوش موقع پر ہی جاں
بحق ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق اپنی ہی برادری کے مسلح افراد نے پرانی دشمنی پر حملہ کر کے تینوں افراد کو قتل کر دیا۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔

پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری اور واقعے کے محرکات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں