سکھر (رپورٹر) آئی بی اے یونیورسٹی کی جانب سے میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیوں میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کل، بروز اتوار منعقد کیا جائے گا۔ امتحان کے حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد سمیت سندھ بھر میں 10 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں پی این سی اے، کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی، حیدرآباد کے پبلک اسکول، لیاقت یونیورسٹی جامشورو، میرپورخاص پبلک اسکول، پبلک اسکول سکھر، قائدِ عوام یونیورسٹی نوابشاہ، پی ٹی سی گراؤنڈ لاڑکانہ اور پبلک اسکول جیکب آباد میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
امتحان میں بائیولوجی، کیمسٹری اور فزکس سمیت مختلف مضامین کے کل 180 سوالات شامل ہوں گے۔ وائس چانسلر آئی بی اے یونیورسٹی پروفیسر آصف علی شیخ کے مطابق امتحان کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، امتحان شفاف اور منظم انداز میں منعقد کیا جائے گا، جبکہ پیپر لیک ہونے کے خدشات مکمل طور پر ختم کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ امیدوار صبح 8 بجے تک اپنے متعلقہ امتحانی مراکز پر پہنچ جائیں، سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ موبائل فون لانے پر مکمل پابندی ہوگی۔ امتحان کا دورانیہ تین گھنٹے مقرر کیا گیا ہے.