کراچی/اسلام آباد (انڈس ٹربیون) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کی مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم کے تحت آرٹیکل 243 میں تبدیلی کی واضح حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی اس ترمیم کے حق میں ووٹ دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ جنگ کے بعد حکومتی فیصلوں نے پاکستان کا وقار بڑھایا ہے، اور اب ان اقدامات کو آئینی و قانونی تحفظ دیا جا رہا ہے تو پیپلز پارٹی اس کی بھرپور تائید کرتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری بلاول ہاؤس کراچی میں مرکزی مجلسِ عامہ کے اجلاس کے دوسرے روز پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی عدالت کا قیام پیپلز پارٹی کے انتخابی منشور اور میثاقِ جمہوریت کا حصہ ہے، اس لیے پارٹی اصولی طور پر اس کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے دوران میثاقِ جمہوریت کے دیگر نامکمل نکات پر بھی پیش رفت ہو سکتی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے ججز کے تبادلوں کے حوالے سے حکومتی تجویز پر کہا کہ پارلیمانی جوڈیشل کمیٹی کا کردار مثبت ہے، تاہم صدر مملکت کو ججز کے ٹرانسفر کا انیشی ایٹر ہونا چاہیے اور متعلقہ ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز کو کمیٹی کے ووٹنگ ممبرز بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کو ٹرانسفر ہونے والے جج کی رائے سننے کا اختیار دیا جائے تاکہ شفافیت برقرار رہے۔
این ایف سی اور صوبائی مالی اختیارات سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ آئین کے مطابق صوبوں کا شیئر کم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پارلیمان میں موجود ہے تو صوبوں کے مالی حقوق کا مکمل دفاع کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کی ہمیشہ مخالف رہی ہے اور سندھ کا بلدیاتی نظام دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ بااختیار ہے۔
انہوں نے 18ویں ترمیم کے خلاف وفاقی اعتراضات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ پہلے نافذ ہوا تھا، 18ویں ترمیم اس کے بعد منظور ہوئی، اور ترمیم کے تحت صوبوں کو ملنے والی نئی ذمہ داریوں کے مطابق وسائل میں اضافہ نہیں ہوا۔
وزیراعظم نے کابینہ اجلاس آج صبح طلب کرلیا
دوسری جانب، وفاقی حکومت نے ترمیمی عمل کو تیز کرتے ہوئے 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری کے لیے فوری اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آج صبح 10 بجے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے، جس کی صدارت وہ باکو سے ویڈیو لنک کے ذریعے کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے پیپلز پارٹی کی جانب سے پیش کی گئی ترامیمی تجاویز قبول کر لی ہیں، اور کابینہ اجلاس میں 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی جائے گی.