اسلام آباد (ویب ڈیسک) – قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے 6 سال کے تعطل کے بعد لندن کے لیے اپنی پروازیں بحال کر دیں، یوں 71 سال پرانا فضائی رشتہ دوبارہ قائم ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کی پہلی پرواز پی کے 785، 325 مسافروں کو لے کر اسلام آباد سے لندن کے لیے روانہ ہوئی۔ افتتاحی پرواز کو سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے الوداع کیا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر اس موقع پر سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں پی آئی اے کنسورشیم کے چیئرمین عارف حبیب اور سول ایوی ایشن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ تقریب میں کیک بھی کاٹا گیا جبکہ قرعہ اندازی کے ذریعے ایک خوش نصیب مسافر کو 660 سی سی گاڑی انعام میں دی گئی اور دیگر مسافروں میں تحائف تقسیم کیے گئے۔
سیکریٹری دفاع نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ پرواز دونوں ممالک اور عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرے گی۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے لندن آپریشن کی بحالی پر پی آئی اے کو مبارکباد دی۔
پی آئی اے برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو براہِ راست سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ایئرلائن 30 مارچ سے لاہور سے لندن کے لیے بھی ہفتہ وار پرواز کا آغاز کر رہی ہے۔ ابتدائی طور پر پاکستان اور لندن کے درمیان ہفتہ وار چار پروازیں چلائی جائیں گی، جن میں تین اسلام آباد اور ایک لاہور سے آپریٹ کی جائے گی۔
لندن پی آئی اے کی پہلی بین الاقوامی منزل تھی اور اس روٹ کے ساتھ قومی ایئرلائن کا 71 سال پرانا تعلق رہا ہے۔