سان ڈیاگو(ویب ڈیسک) امریکی خلائی ادارے ناسا کے مشن آرٹیمس ٹو کے خلا نورد چاند کے گرد تاریخی سفر مکمل کرنے کے بعد بحفاظت زمین پر واپس پہنچ گئے ہیں۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق خلائی جہاز اورائن نے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو کے ساحل کے قریب بحرالکاہل میں کامیاب سمندری لینڈنگ کی۔ یہ مشن تقریباً دس دن پر محیط تھا، جس کے دوران خلا نوردوں نے چاند کے گرد چکر لگایا اور تاریخ میں سب سے زیادہ فاصلے تک زمین سے دور جانے کا ریکارڈ قائم کیا۔
اس مشن میں شامل خلا نورد ریڈ وائزمین، وکٹر گلوور، کرسٹینا کوچ اور کینیڈا سے تعلق رکھنے والے جیریمی ہینسن شامل تھے۔ واپسی کے بعد تمام خلا نوردوں کو امدادی جہاز پر منتقل کیا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔
مشن کے سربراہ ریڈ وائزمین نے زمین پر واپسی کے بعد پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک شاندار سفر تھا اور تمام ارکان محفوظ ہیں۔
ناسا کے کنٹرول مرکز میں خلا نوردوں کی کامیاب واپسی پر خوشی کا اظہار کیا گیا اور عملے نے تالیاں بجا کر اس تاریخی کامیابی کا استقبال کیا۔
ماہرین کے مطابق آرٹیمس ٹو مشن کی کامیابی مستقبل میں انسان کو دوبارہ چاند پر بھیجنے کے منصوبوں کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوگی اور خلائی تحقیق میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔