اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہے گا اور امید ہے کہ دونوں فریق جنگ بندی کے لیے اپنے عزم کو برقرار رکھیں گے۔
اتوار کی صبح اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران اور امریکہ کا شکر گزار ہے کہ انھوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جنگ بندی کی درخواست کو قبول کیا اور پاکستان کی دعوت پر مذاکرات کے لیے اسلام آباد آئے۔
انھوں نے بتایا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ایرانی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں دونوں ممالک کے وفود نے مذاکرات میں شرکت کی۔ اسحاق ڈار کے مطابق وہ خود اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر مذاکرات کے متعدد ادوار میں شریک رہے اور فریقین کے درمیان ہونے والی بات چیت میں معاونت فراہم کی۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری یہ مذاکرات اتوار کی صبح اختتام پذیر ہوئے، جنھیں انھوں نے ’مشکل مگر تعمیری‘ قرار دیا۔
نائب وزیرِ اعظم نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک مثبت رویہ برقرار رکھتے ہوئے خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔ انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جنگ بندی کو برقرار رکھنا نہایت اہم ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان آئندہ بھی ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکراتی عمل میں سہولت کاری جاری رکھے گا، جبکہ دونوں ممالک کی جانب سے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔