خیبرپختونخوا میں کانگو وائرس کے خدشات، عیدالاضحیٰ سے قبل اسپتالوں کو ہائی الرٹ

پشاور (ویب ڈیسک): عیدالاضحیٰ سے قبل کانگو وائرس کے خدشات، خیبرپختونخوا میں اسپتالوں کو الرٹ جاری

خیبرپختونخوا میں عیدالاضحیٰ سے قبل کانگو وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے محکمہ صحت نے صوبے بھر کے اسپتالوں کے لیے باضابطہ ایڈوائزری اور الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ایڈوائزری میں کانگو وائرس کو انتہائی خطرناک اور متعدی مرض قرار دیتے ہوئے تمام ڈی ایچ اوز، ایم ٹی آئیز اور ضلعی اسپتالوں کو احتیاطی تدابیر یقینی بنانے اور گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق تمام اسپتال مشتبہ کیسز کے نمونے کیس انویسٹی گیشن فارم کے ساتھ پبلک ہیلتھ لیبارٹری ارسال کریں اور اس عمل کے دوران ‘کولڈ چین’ برقرار رکھنے اور ‘ٹرپل پیکجنگ’ کے اصولوں پر عمل کیا جائے۔

طبی عملے کو ہدایت دی گئی ہے کہ مریضوں سے نمونے لیتے وقت پی پی ای کا استعمال کیا جائے اور انفیکشن کنٹرول پروٹوکول پر سختی سے عمل کیا جائے۔

ایڈوائزری کے مطابق کانگو وائرس کی تشخیص کے لیے پی سی آر اور ایلیسا ٹیسٹ کیے جائیں گے، جبکہ مزید رہنمائی کے لیے این آئی ایچ کے وائرولوجی ڈیپارٹمنٹ سے رابطے میں رہنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

محکمہ صحت نے مویشیوں میں وائرس کی روک تھام کے لیے ٹِک کنٹرول پر زور دیتے ہوئے عوام اور طبی عملے کو بروقت آگاہی اور حفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ انسانی جانوں کو اس مہلک وائرس سے محفوظ رکھا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں