مردان پی ٹی آئی جلسہ، محمود خان اچکزئی کی عدم شرکت کا امکان

مردان (ویب ڈیسک):مردان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی شرکت نہ کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی جلسے کے حوالے سے اعتماد میں نہ لینے پر پارٹی قیادت سے ناراض ہیں، جس کی وجہ سے انہوں نے جلسے میں شرکت سے گریز کا عندیہ دیا ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مردان جلسے کی تاریخ کا فیصلہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کیا، جبکہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے جلسے اور احتجاج کا اختیار محمود خان اچکزئی کو دیا تھا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ عاطف خان نے محمود خان اچکزئی سے رابطہ کیا تھا، تاہم انہوں نے جلسے میں شرکت کے حوالے سے کوئی حتمی رضامندی ظاہر نہیں کی۔

دوسری جانب صوبائی وزیر مینا خان نے کہا ہے کہ محمود خان اچکزئی سے مشاورت جاری ہے اور تمام معاملات باہمی اتفاق سے طے کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق مردان جلسے کے حوالے سے ہدایات پی ٹی آئی بانی عمران خان کی جانب سے دی گئی تھیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں