راولپنڈی (ویب ڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کی حمایت سے مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں شرکا نے شہدا کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے کا عمل جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ فارمیشنز جدید ٹیکنالوجی کے حصول، تربیت اور جنگ کے تمام شعبوں میں باہمی ہم آہنگی کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کسی بھی جواز کے تحت پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے واقعات دہرانے کی کوششوں سے فیصلہ کن طاقت اور قانون کے ذریعے بلاامتیاز اور بلاجھجک نمٹا جائے گا۔
کانفرنس کے شرکا نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے زمینی کارروائیوں کے ساتھ مؤثر انتظامی اور گورننس اقدامات کو ناگزیر قرار دیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ انسداد دہشت گردی کارروائیوں کو سراہا۔
فورم نے مؤقف اختیار کیا کہ افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں۔ دہشت گردی کی وجوہات کے حوالے سے عوام کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری اور بیانیے کی تشکیل پر بھی زور دیا گیا۔
شرکا کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مخصوص عناصر اور دہشت گردی و جرائم کے گٹھ جوڑ کو توڑنا ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے پولیس کی استعداد کار بڑھانے اور داخلی استحکام کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے بھارت کے آلہ کار کے طور پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کے معاملے پر طالبان قیادت کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ اس کے سنگین نتائج کی ذمہ داری بھی طالبان قیادت پر عائد ہوتی ہے۔
فورم نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔
کانفرنس کے شرکا نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔