اسلام آباد/پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ پارٹی رہنما شفیع جان نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی گرفتاری کا دعویٰ کرتے ہوئے عوام سے پشاور پہنچنے کی اپیل کی ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کا نفاذ ماضی کے آمرانہ اقدامات کی طرح تاریخ کے کوڑے دان میں جا گرے گا۔
بیان میں وفاقی حکومت پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس اقدام کے ذریعے عملاً خیبر پختونخوا اسمبلی کو معطل اور صوبائی حکومت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ پارٹی نے دعویٰ کیا کہ اس اقدام کے بعد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت دیگر اہم عہدیداروں کو بھی اغوا کر لیا گیا ہے۔
تاہم وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی گرفتاری یا اغوا سے متعلق پی ٹی آئی کے دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
پی ٹی آئی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکمران عناصر اپنے اقتدار کو برقرار رکھنے کے لیے ملک کی بنیادوں کو کمزور کر رہے ہیں۔ پارٹی نے وفاقی حکومت کو عوامی مینڈیٹ سے محروم قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ طاقت اور سیاسی جوڑ توڑ کے ذریعے اقتدار میں برقرار ہے۔
بیان میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ ملک میں سکیورٹی اور دہشت گردی کے مسائل حل کرنے کے بجائے صوبائی حکومت کو ان مسائل کا ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔
پارٹی نے عوام سے سوال کیا کہ وہ موجودہ صورت حال پر خاموش رہیں گے یا ملک کو تباہی سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور خیبر پختونخوا کے سابق وزیر اطلاعات شفیع جان نے ایکس پر اپنے پیغام میں دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ ان کی جماعت نے عمران خان کے نام اور پختونوں کے وقار پر سمجھوتہ کرنے کے بجائے حکومت قربان کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے عوام سے پشاور کی جانب آنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پورے خیبر پختونخوا کے عوام کو اس موقع پر باہر نکلنا چاہیے۔ ان کے مطابق قبائلی اضلاع کے عوام پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور انہیں اپنے وزیراعلیٰ کے حق میں آواز اٹھانی چاہیے۔
تاحال دستیاب معلومات کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی گرفتاری سے متعلق پی ٹی آئی رہنماؤں کے دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔