لاڑکانہ: سندھ کی انتظامی تقسیم کے خلاف وحدتِ سندھ مارچ، منتخب حکومت کا خاتمہ جمہوریت پر ضرب ہے: زین شاہ

لاڑکانہ (رپورٹ: فراز شیخ) سندھ یونائیٹڈ پارٹی (ایس یو پی) کے صدر سید زین شاہ کی قیادت میں سندھ کی انتظامی تقسیم کے خلاف لاڑکانہ میں وحدتِ سندھ مارچ کیا گیا، جس میں ہزاروں کارکنوں اور شہریوں نے شرکت کی۔ مارچ کو روکنے کے لیے ضلع اور ڈویژن بھر میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔

پولیس کی رکاوٹوں کے باوجود ایس یو پی کے سربراہ سید زین شاہ موٹر سائیکل پر سوار ہوکر مارچ میں پہنچے۔ اتاترک ٹاور سے جناح باغ چوک تک نکالی گئی ریلی میں بڑی تعداد میں کارکنوں اور شہریوں نے شرکت کی۔ ریلی کے اختتام پر جلسہ بھی منعقد کیا گیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سید زین شاہ نے کہا کہ مارچ کو روکنے کے لیے جگہ جگہ پولیس تعینات کی گئی اور کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، جو سندھ حکومت کے جمہوری دعوؤں کے منافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام اپنی سرزمین سے محبت کرتے ہیں اور آج کا کامیاب مارچ حکومت کی ناکامی اور قوم پرستوں کی کامیابی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ قوم پرستوں کا قلعہ ہے اور سندھ کی وحدت کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی مخالفت

سید زین شاہ نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی کوششوں کی بھی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ منتخب حکومت کو ختم کرنا صوبے کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہے۔

انہوں نے کہا کہ منتخب وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی گرفتاری اور منتخب حکومت کے خاتمے کے اقدامات عوامی مینڈیٹ، آئین اور جمہوری اقدار پر سنگین حملہ ہیں۔ ان کے بقول، ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی کے بجائے طاقت کے ذریعے حکومت چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ایس یو پی سربراہ نے کہا کہ جمہوری روایات کو مضبوط بنانے کے بجائے پرامن شہریوں اور اپنے آئینی و قانونی حقوق کا مطالبہ کرنے والوں کے خلاف تشدد اور گرفتاریوں کا سہارا لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا نفاذ عوام کے بنیادی حقوق پر ضرب لگانے کے مترادف ہوگا اور اس کے نتائج اچھے نہیں نکلیں گے۔

سید زین شاہ کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام اور پرامن ماحول تشدد اور نفرت کے بجائے مذاکرات کے ذریعے قائم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ بالآخر اقتدار عوام کی مرضی اور طاقت سے وابستہ ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں