سندھ حکومت کا خواتین کیلئے ’’پنک اسکوٹیز‘‘ پروگرام شروع کرنے کا اعلان

کراچی(ویب ڈیسک) حکومتِ سندھ نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایک اور بڑا قدم اُٹھاتے ہوئے ’’پنک اسکوٹیز‘‘ پروگرام کے تحت مفت الیکٹرک اسکوٹیز دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سینئر وزیرِ سندھ شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں اس منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت رواں ہفتے سے خواتین اور طالبات کو مفت الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کرنے جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ اسکیم خواتین کو روزمرہ کی آمدورفت میں سہولت، وقت کی بچت اور سفری اخراجات میں کمی کے ساتھ ایک محفوظ اور باوقار سفر فراہم کرے گی۔ یہ سہولت خاص طور پر ان خواتین کے لیے ہے جو تعلیم، ملازمت یا دیگر ضروریات کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ پر انحصار کرتی ہیں۔

شرجیل انعام میمن کے مطابق سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی درخواست گزار خواتین اور طالبات کا ریکارڈ مرتب کر رہی ہے جبکہ میرٹ اور ضرورت کی بنیاد پر اسکوٹیز الاٹ کرنے کے لیے شفاف میکنزم تیار کیا گیا ہے۔

سینئر وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ خواتین کو ایسے مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے جن سے وہ تعلیم، ملازمت اور دیگر شعبہ جات میں بھرپور حصہ لے سکیں۔ یہ اسکیم خواتین کی خودمختاری کی جانب ایک مثبت قدم ثابت ہوگی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اگست 2025 میں سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کی جانب سے بھی خواتین کی فلاح کے لیے 10 ہزار مفت الیکٹرک موٹرسائیکلیں دینے کے منصوبے کا آغاز کیا گیا تھا۔ اس اسکیم کے تحت 20 سے 45 سال کی صنعتی مزدور خواتین اہل ہوں گی جبکہ 20 فیصد کوٹہ اقلیتوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ بائیکس کی فراہمی ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے عمل میں لائی جائے گی۔

اہلیت کے معیار

سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (SMTA) کے مطابق ’’پنک ای وی اسکوٹی اسکیم‘‘ میں درخواست دینے کے لیے یہ شرائط لازمی ہیں:

سندھ کی مستقل رہائشی ہونا
طالبہ یا ملازمت پیشہ خاتون ہونا
موٹر بائیک یا کار کا درست ڈرائیونگ لائسنس رکھنا
اسکوٹی کو 7 سال تک فروخت یا سب لیز نہ کرنے کا تحریری عہد
منتخب ہونے پر روڈ سیفٹی ٹیسٹ پاس کرنا

درکار دستاویزات

قومی شناختی کارڈ کی دونوں سائیڈز کی کاپی
ڈومیسائل سرٹیفکیٹ
مستقل رہائش کا سرٹیفکیٹ (PRC)
موٹر بائیک یا کار کا ڈرائیونگ لائسنس
طالبات یا ملازمین کے لیے متعلقہ ادارے کا کارڈ

درخواست دینے کا طریقہ

1. آفیشل ویب سائٹ (smta.sindh.gov.pk) پر جائیں
2. درست معلومات کے ساتھ آن لائن فارم پُر کریں
3. مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کریں
4. فارم آخری تاریخ سے پہلے جمع کروائیں
5. قرعہ اندازی کے نتائج کا انتظار کریں (منتخب امیدواروں کو اطلاع دی جائے گی)

قرعہ اندازی کا عمل میڈیا کی نگرانی میں منصفانہ انداز میں کیا جائے گا۔

مفت تربیت اور روڈ سیفٹی پروگرام
سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی منتخب خواتین کو درج ذیل سہولیات بھی فراہم کرے گی:

مفت رائیڈنگ ٹریننگ

روڈ سیفٹی ورکشاپس

الیکٹرک اسکوٹیز کی دیکھ بھال کی رہنمائی

لاگت

یہ الیکٹرک اسکوٹیز مکمل طور پر مفت ہوں گی اور منتخب خواتین سے کوئی قیمت وصول نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں