جیکب آباد اور شکارپور کے صحافیوں کو قتل کرنے کی سازش، سکھر نیشنل پریس کلب کا اظہارِ تشویش

جیکب آباد/سکھر (رپورٹرز)
جیکب آباد اور شکارپور کے دو سینئر صحافیوں کو قتل کرنے کی سنگین سازش بے نقاب ہوئی ہے.

اطلاعات کے مطابق جیکب آباد کے سینئر صحافی محمد نواز سولنگی اور شکارپور کے سینئر صحافی سلطان رند کو مبینہ طور پر کرمنلز اور کرپشن مافیا کی جانب سے نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے.

نواز سولنگی نے ایک پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ کرپشن بے نقاب کرنے پر مافیا نے انہیں زہر دے کر قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ ان کے مطابق انکشافات کے بعد مافیا کے کارندوں کی جانب سے انہیں اور ان کے ساتھیوں کو سنگین نتائج
بھگتنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں.

صحافی نواز سولنگی نے پریس کانفرنس کرکے اپنے قتل منصوبے کو بے نقاب کیا

دوسری جانب، شکارپور پریس کلب کے سابق صدر سلطان رند کو بھی راکیٹ لانچر سے نشانہ بنانے کی دھمکیاں موصول ہوئیں، جن کی تصاویر انہیں بھیجی گئیں۔ سلطان رند نے اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر لائیو آ کر اپنے قتل منصوبے سے پردہ اٹھایا.

صحافی سلطان رند نے موصول ہوئی راکیٹ لانچر کی دہمکی آمیز تصاویر کے ساتھ قتل سازش سے پردہ اٹھایا

اس سنگین صورتحال پر سکھر نیشنل پریس کلب نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پریس کلب کے صدر تاج رند، اور دیگر رہنماؤں ساحل جوگی، پراگ شرما و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ:

> “سندھ میں کرپشن مافیا اور ڈاکو راج کے سرپرست عناصر صحافیوں کو مسلسل دباؤ اور دھمکیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں، جو آزادیٔ صحافت پر حملہ ہے۔”

انہوں نے اعلیٰ حکام اور سکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ محمد نواز سولنگی اور سلطان رند کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے اور انہیں دھمکیاں دینے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے.

اپنا تبصرہ لکھیں