روہڑی میں جاگیرانی برادری کے دو گروہوں میں خونریز تصادم، دو افراد جاں بحق، متعدد زخمی

روہڑی (رپورٹ: ذوالفقار ملاح) دبر تھانے کی حدود میں جاگیرانی برادری کے دو گروہوں کے درمیان پرانے خونی تنازعے نے ایک بار پھر شدت اختیار کر لی، جدید ہتھیاروں سے فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے.

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت اعجاز جاگیرانی اور امام بخش جاگیرانی کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں اور لاشوں کو تعلقہ اسپتال روہڑی منتقل کر دیا گیا ہے.

عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے دوران علاقہ میدانِ جنگ کا منظر پیش کرنے لگا، خوف و ہراس کے باعث دیہاتوں کے راستے سنسان ہو گئے۔ ایس ایس پی سکھر اظھر خان کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور حالات پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں.

ذرائع کے مطابق دونوں گروہوں کے درمیان مویشیوں کی چوری کے تنازعے پر گزشتہ کچھ عرصے سے جاری دشمنی میں اب تک 16 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔ پولیس نے علاقے میں گشت بڑھا دیا ہے اور مزید کارروائی جاری ہے.

اپنا تبصرہ لکھیں