پی ایس 9 ضمنی انتخاب: آغا شہباز درانی بھاری اکثریت سے کامیاب

گڑھی یاسین (رپورٹ: بھاگ چند) شکارپور کی صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 09 پر ہونے والے ضمنی انتخاب کا نتیجہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار آغا شہباز خان درانی بھاری اکثریت سے کامیاب قرار پائے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کامیابی کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

یہ نشست سندھ اسمبلی کے سابق اسپیکر آغا سراج خان درانی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی، جس پر ضمنی انتخاب منعقد کیا گیا۔ انتخابی میدان میں مجموعی طور پر 9 امیدوار حصہ لے رہے تھے، جن میں پیپلز پارٹی کے آغا شہباز درانی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سید راشد اللہ امروٹی نمایاں امیدوار تھے۔

غیر حتمی نتائج کے مطابق مجموعی طور پر 85 ہزار 665 ووٹ کاسٹ ہوئے، جن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار آغا شہباز خان درانی نے 72 ہزار 964 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی، جبکہ جے یو آئی (ف) کے امیدوار سید راشد اللہ امروٹی 9 ہزار 489 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ دیگر امیدوار معمولی تعداد میں ووٹ حاصل کر سکے۔

انتخابی حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 2 لاکھ 77 ہزار 792 تھی، جن میں 1 لاکھ 48 ہزار 310 مرد اور 1 لاکھ 29 ہزار 482 خواتین ووٹرز شامل تھیں۔ انتخابی عمل کے لیے 178 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے، جن میں 49 مرد، 49 خواتین اور 80 مشترکہ پولنگ اسٹیشن شامل تھے، جبکہ 13 امپرووائزڈ پولنگ پوائنٹس بھی قائم کیے گئے۔

پولنگ اسٹیشنز پر مجموعی طور پر 638 پولنگ بوتھ بنائے گئے، جن میں 328 مردوں اور 310 خواتین کے لیے مختص تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں