سکھر(رپورٹ: تاج رند) سکھر میں منعقد ہونے والی دوسری لوک سہائتا میراتھن 2025 میں غیرملکی ایتھلیٹس نے نمایاں کامیابیاں حاصل کر لیں۔ مردوں کی 42.195 کلومیٹر میراتھن میں مراکش کے الحسوف عبدالمجید نے 2 گھنٹے 22 منٹ 32 سیکنڈ میں فاصلہ طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ خواتین کی 10 کلومیٹر دوڑ میں کینیا کی موئنی متوکو 40 منٹ 19 سیکنڈ کے ساتھ فاتح رہیں۔

لوک سہائتا کے تحت مختلف اداروں کے اشتراک سے ’’امید کی دوڑ‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی یہ بین الاقوامی میراتھن اتوار کی صبح ٹھیک سات بجے آئی بی اے پبلک اسکول سکھر سے شروع ہوئی۔ اس مقابلے میں جاپان، کینیا، برطانیہ، اٹلی، ایتھوپیا اور مراکش سمیت 9 ممالک کے 15 بین الاقوامی مرد و خواتین ایتھلیٹس شریک ہوئے، جبکہ مردوں کی دوڑ میں تقریباً ساڑھے نو سو اور خواتین کی دوڑ میں ساڑھے سات سو رنرز نے حصہ لیا۔
سخت سکیورٹی انتظامات
منتظمین کے مطابق میراتھن کے دوران سکھر سے خیرپور تک سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔ دوڑ کے لیے سڑک کے ایک جانب ٹریفک مکمل طور پر بند رکھی گئی، جبکہ راستے بھر پولیس، رینجرز اور ٹریفک پولیس کے اہلکار تعینات رہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک درجن سے زائد ایمبولینسز بھی میراتھن کے ساتھ ساتھ موجود رہیں۔

مردوں کی میراتھن کے نتائج
مردوں کی 42.195 کلومیٹر میراتھن میں مراکش کے الحسوف عبدالمجید پہلے، ایتھوپیا کے مہیرتو نیبر ایالیو 2 گھنٹے 28 منٹ 37 سیکنڈ کے ساتھ دوسرے اور کینیا کے جیکسن مائنا موریو 2 گھنٹے 30 منٹ 55 سیکنڈ میں تیسرے نمبر پر رہے۔
پاکستان کی جانب سے راولپنڈی کے اسرار محمد نے 2 گھنٹے 35 منٹ 30 سیکنڈ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی، جبکہ کینیا کے پیٹر مویکیا منیاؤ پانچویں نمبر پر رہے۔

خواتین کی 10 کلومیٹر دوڑ
خواتین کی 10 کلومیٹر دوڑ میں کینیا کی موئنی متوکو نے پہلی، جاپان کی یوکو اریگوچی نے دوسری اور فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی ماہنور افضل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ راولپنڈی کی عمیرہ شیراز چوتھی جبکہ کراچی کی کائنات خلیل پانچویں نمبر پر رہیں۔
انعامات اور اعزازات
مردوں کی میراتھن میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ایتھلیٹ کو 3,500 امریکی ڈالر، دوسری کو 1,700 امریکی ڈالر اور تیسری پوزیشن پر آنے والے کو 1,000 امریکی ڈالر دیے گئے، جبکہ چوتھی پوزیشن پر ایک لاکھ روپے اور پانچویں کو 300 امریکی ڈالر انعام دیا گیا۔
خواتین کی دوڑ میں پہلی پوزیشن پر 700 امریکی ڈالر، دوسری پر 400 امریکی ڈالر، تیسری پر 50 ہزار روپے، چوتھی پر 40 ہزار روپے اور پانچویں پر 25 ہزار روپے دیے گئے۔
اختتامی تقریب
اختتامی تقریب میں لوک سہائتا کے سرپرست اور سابق چیف جسٹس رفیق احمد درانی، لوک سھائتا کے چیف ایگزیکٹو افسر پیر محمد شاہ، سندھ کے وزیر سیاحت و ثقافت ذوالفقار شاہ، میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور سکھر بیوریجز لمیٹڈ کی چیف ایگزیکٹو افسر سعیدہ لغاری نے کامیاب ایتھلیٹس میں انعامات اور میڈلز تقسیم کیے۔
بین الاقوامی ایتھلیٹس کے لیے خصوصی انعام
میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اعلان کیا کہ میراتھن میں شرکت کرنے والے تمام بین الاقوامی ایتھلیٹس کو سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تین، تین سو امریکی ڈالر بطور خصوصی انعام دیے جائیں گے۔
پاکستانی ایتھلیٹس کی کارکردگی
منتظمین کے مطابق مردوں کی دوڑ میں ابتدائی پانچ میں سے چار پوزیشنز غیرملکی ایتھلیٹس نے حاصل کیں، جبکہ ٹاپ 20 میں سندھ کے صرف دو رنرز شامل ہو سکے۔ خواتین کی دوڑ میں بھی پہلی دو پوزیشنز غیرملکی ایتھلیٹس کے نام رہیں، تاہم ٹاپ 20 میں سندھ کی سات خواتین رنرز شامل تھیں۔
چھٹی سے بیسویں پوزیشن تک آنے والے تمام مرد و خواتین رنرز کو بھی دس، دس ہزار روپے نقد انعام دیا گیا.