پالتو کتے کو ہلاک کرنے کے مقدمے میں ملزم کو پانچ سال قید کی سزا

کنڈیارو(رپورٹ: الطاف سولنگی) ضلع نوشہرو فیروز کے کنڈیارو میں ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت نے گھر میں گھس کر تشدد، زخمی کرنے اور پالتو کتا ہلاک کرنے کے مقدمات کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے دو ملزمان کو مختلف دفعات کے تحت مجرم قرار دیتے ہوئے مجموعی طور پر پانچ پانچ سال قید اور جرمانے کی سزائیں سنائیں۔

عدالتی فیصلے کے مطابق سیشن کیس نمبر 352/2021 میں ملزمان نیاز حسین کلہوڑو اور محرم کلہوڑو کو جرم نمبر 05/2021 کے تحت مجرم ٹھہرایا گیا۔ یہ مقدمہ تھانہ باخری میں درج کیا گیا تھا، جس میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 452، 337-F(vii)، 429 سمیت دیگر دفعات شامل تھیں۔

عدالت نے قرار دیا کہ ملزمان نیاز حسین اور محرم کلہوڑو پر دفعہ 452 کے تحت جرم ثابت ہوتا ہے، جس پر دونوں کو پانچ سال قیدِ سخت اور بیس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید دو ماہ قید بھگتنا ہوگی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم محرم کلہوڑو کو دفعہ 337-F(vii) کے تحت زخمی نعمت اللہ کو چوٹ پہنچانے کا مجرم قرار دیا گیا ہے، جس پر عدالت نے متاثرہ شخص کو بیس ہزار روپے بطور دمان ادا کرنے کا حکم دیا، جبکہ عدم ادائیگی کی صورت میں ملزم کو رقم کی ادائیگی تک جیل میں رکھا جائے گا۔

اسی طرح عدالت نے ملزم نیاز حسین کلہوڑو کو دفعہ 429 کے تحت پالتو کتے کو ہلاک کرنے کا قصوروار قرار دیتے ہوئے پانچ سال قیدِ سادہ اور بیس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی، جبکہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید دو ماہ قید کا حکم دیا گیا۔

یہ فیصلہ 15 جنوری 2026 کو ایڈیشنل سیشن جج کنڈیارو حمیدالدین جانوری نے سنایا۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام سزائیں بیک وقت نافذ ہوں گی۔ تاہم عدالت نے واضح کیا کہ ریکارڈ کے مطابق دونوں ملزمان دورانِ سماعت جیل میں نہیں رہے، اس لیے وہ دفعہ 382-B کے تحت رعایت کے حقدار نہیں ہیں۔

عدالت نے سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل نوشہرو فیروز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملزمان کو اپنی تحویل میں لے کر عدالتی سزاؤں پر عملدرآمد کرائیں۔

یہ فیصلہ 15 جنوری 2026 کو ایڈیشنل سیشن جج کنڈیارو حمیدالدین جانوری نے سنایا۔

اپنا تبصرہ لکھیں