کراچی (ویب ڈیسک) مہنگے جیٹ فیول کے باعث قومی ایئرلائن پی آئی اے نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو دی جانے والی رعایتی ٹکٹ سہولت ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے طلبہ، سینئر سٹیزنز، صحافیوں، ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں اور اے ایس ایف اہلکاروں کو دیے جانے والے ڈسکاؤنٹس واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے ایئرلائن انتظامیہ نے تمام ایئرپورٹس پر متعلقہ اسٹاف کو ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔
ترجمان پی آئی اے نے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئرلائن نے ہر قسم کی رعایتی سہولت عارضی طور پر ختم کر دی ہے اور یہ فیصلہ ایندھن کی قیمتیں معمول پر آنے تک نافذ العمل رہے گا۔
ترجمان کے مطابق مہنگے جیٹ فیول کے باعث پی آئی اے کو اخراجات میں شدید دباؤ کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے مختلف شعبوں کے افراد کو دی جانے والی تمام رعایتی سہولیات ختم کی گئی ہیں۔