سکھر میں پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے خلاف ایس یو پی کا کفن پہن کر احتجاج

سکھر(ویب ڈیسک) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سندھ یونائیٹڈ پارٹی (ایس یو پی) کے کارکنان نے مرکزی کال پر سکھر پریس کلب کے سامنے تیسرے روز بھی کفن پہن کر منفرد احتجاجی مظاہرہ کیا اور وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

احتجاج میں ایس یو پی رہنما عیدن جاگیرانی، قوم پرست رہنما غلام مصطفیٰ پھلپوٹو، ضلعی صدر ماجد دنور، جے یو آئی رہنما عبیداللہ بھٹو، سراج احمد ڈوگر، صدام مہر اور دیگر کارکنان شریک تھے۔ مظاہرین نے کفن پہن کر مطالبہ کیا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کر کے عوام کو جینے دیا جائے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے سے روزمرہ استعمال کی ہر چیز مہنگی ہو گئی ہے اور عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کاروباری طبقے کو فائدہ پہنچا رہی ہے جبکہ غریب عوام پر مہنگائی کا بم گرایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی کے باعث عام آدمی دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہے، ایسے میں ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ عوام کو مزید مشکلات میں دھکیل رہا ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے اشیائے خوردونوش، ادویات اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے جس سے عوام سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھائی گئی قیمتیں فوری طور پر واپس لی جائیں، بصورت دیگر سخت احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں