خیرپور اور سکھر میں جلدی امراض پھیلنے سے 7 بچے جاں بحق، متعدد متاثر

سکھر/خیرپور (انڈس ٹربیون) سندھ کے مختلف علاقوں میں جلدی امراض، منکی پاکس اور خسرہ کے کیسز سامنے آنے کے بعد صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے۔ مختلف علاقوں میں بیماری پھیلنے کے باعث اب تک 7 بچوں کی اموات ہو چکی ہیں جبکہ متعدد بچے متاثر ہیں۔

کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی کے مطابق چار بچوں کی اموات منکی پاکس وائرس کے باعث ہوئیں جبکہ جلد کی بیماری میں 19 بچے مبتلا پائے گئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر اموات خیرپور کی تحصیل ٹھری واہ میں رپورٹ ہوئی ہیں۔ بیماری پر قابو پانے کے لیے خیرپور میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

کمشنر کے مطابق منکی پاکس اور خسرہ سے متاثرہ بچوں کے علاج اور بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سکھر ڈویژن کے مختلف اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈ قائم کر دیے گئے ہیں اور محکمہ صحت کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے والدین سے اپیل کی ہے کہ بچوں میں علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کریں تاکہ بروقت علاج ممکن بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں