میرپورخاص( ویب ڈیسک)میرپورخاص میں ایک نجی میڈیکل کالج کی طالبہ کے مبینہ خودکشی کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں کالج کے پرنسپل کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ طالبہ کے ماموں کی مدعیت میں درج کیے گئے مقدمے میں جنسی ہراسانی اور خودکشی پر مجبور کرنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق ایک لیکچرار اور دو طلبہ فرسٹ ایئر میں حاصل کردہ نمبروں کے حوالے سے طالبہ کو بلیک میل کرتے رہے۔ متاثرہ طالبہ نے متعدد بار پرنسپل اور ان کی پروفیسر اہلیہ کو شکایات کیں، تاہم الزام ہے کہ شکایات کے باوجود ملزمان کی موجودگی میں طالبہ پر شکایت واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا رہا اور انکار کی صورت میں داخلہ منسوخ کرنے کی دھمکی بھی دی گئی۔
ادھر حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو خودکشی کے محرکات کا جائزہ لے رہی ہے۔
دوسری جانب متاثرہ طالبہ کے اہل خانہ اور سول سوسائٹی کی جانب سے ٹول پلازہ پر احتجاج کیا گیا، جس میں ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔