کوئٹہ کے قریب راستہ بھٹکنے والی کراچی کی سیاح فیملی پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، خاتون زخمی

کوئٹہ(ویب ڈیسک) بلوچستان کے علاقے دشت میں راستہ بھٹک جانے والی کراچی سے تعلق رکھنے والی ایک فیملی کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئیں۔

اطلاعات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد کے رہائشی علی مرتضیٰ، جو موبائل فون کے کاروبار سے وابستہ تھے، اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ سیاحت کی غرض سے کوئٹہ گئے ہوئے تھے۔

واپسی کے دوران دو روز قبل وہ مبینہ طور پر راستوں کی رہنمائی فراہم کرنے والی ایک موبائل ایپ کی مدد سے سفر کر رہے تھے، تاہم راستہ بھٹک کر دشت کے علاقے کھنڈ پہنچ گئے، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

سیاح فیملی راستہ بھٹک کر دشت کے علاقے کھنڈ پہنچ گئی، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔: فوٹو: سوشل میڈیا

فائرنگ کے نتیجے میں علی مرتضیٰ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ان کی اہلیہ عائشہ شدید زخمی ہوئیں۔ واقعے کے وقت گاڑی میں موجود ان کی دو کم عمر بیٹیاں خوش قسمتی سے محفوظ رہیں۔

واقعے کے بعد زخمی خاتون کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں کارروائی شروع کر دی ہے۔ فائرنگ کے واقعے کی وجوہات اور حملہ آوروں کی شناخت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

دشت میں سیاح فیملی پر ہونے والے اس حملے کی پاکستان بھر میں شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ بلوچستان کے مختلف باشعور حلقوں نے اس واقعے کو بلوچ اور پشتون روایات، مہمان نوازی اور مقامی اقدار کے منافی قرار دیا ہے، جبکہ سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے بھی اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

تاہم تاحال اس واقعے کے حوالے سے کوئی مصدقہ معلومات سامنے نہیں آئی ہیں کہ حملے میں کون سا گروپ، گروہ یا تنظیم ملوث تھی، جبکہ حکام کی جانب سے بھی واقعے کے ذمہ دار عناصر یا محرکات کے بارے میں کوئی باضابطہ موقف جاری نہیں کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ سندھ میں شدید گرمی اور گرمیوں کی تعطیلات کے دوران بڑی تعداد میں خاندان سیر و سیاحت کے لیے پڑوسی صوبہ بلوچستان کے سیاحتی مقامات خصوصاً کوئٹہ اور زیارت کا رخ کرتے ہیں، تاہم گزشتہ چند برسوں سے بلوچستان میں جاری شورش اور بدامنی کے باعث صوبے میں سیاحتی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں۔

سیاحت میں کمی کے باعث بلوچستان کے مختلف سیاحتی علاقوں سے وابستہ مقامی معیشت، ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، ٹرانسپورٹ اور دیگر کاروباری سرگرمیوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں