کوئٹہ: مسافر بس کھائی میں گرنے سے کم از کم 40 افراد جاں بحق، 8 زخمی

کوئٹہ(ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع شیرانی میں جمعہ کے روز کوئٹہ سے پشاور جانے والی ایک مسافر بس گہری کھائی میں گرنے کے نتیجے میں کم از کم 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب بس بلوچستان کے علاقے دھنسر سے روانہ ہو کر صوبائی سرحد عبور کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی حدود میں داخل ہوئی، جہاں وہ بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جاگری۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان برائے میڈیا و سیاسی امور شاہد رند کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 40 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 8 زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی ہدایت پر فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور دیگر متعلقہ محکمے متاثرہ افراد کی امداد میں مصروف ہیں، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر شیرانی ولی خان کاکڑ نے بتایا کہ بس کوئٹہ سے 36 مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی تھی، تاہم راستے میں خراب ہونے والی ایک دوسری بس کے متعدد مسافر بھی اس میں سوار ہوگئے تھے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کے وقت بس میں مجموعی طور پر 48 مسافر سوار تھے۔ اطلاع ملتے ہی ژوب ایمرجنسی سروسز اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو ضلع ژوب کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ جاں بحق افراد کی میتیں ابتدائی طور پر قریبی دیہی مرکز صحت منتقل کی گئیں، بعد ازاں انہیں ژوب کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ادھر صدر آصف علی زرداری نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے، زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن معاونت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں