شکارپور: باراتیوں سے بھری بس کھائی میں جا گری، 5 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی

میان صاحب(رپورٹ: بشیر رند) بلوچستان کے علاقے اوستہ محمد سے میرپور بُرڑو آنے والی باراتیوں سے بھری بس واپسی کے دوران میان صاحب کے قریب خان واہی کے مقام پر خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک معصوم بچی سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 25 سے 30 افراد زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق تیز رفتاری اور ٹائر پنکچر ہونے کے باعث بس بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھائی میں جا گری۔ حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا جبکہ مقامی دیہاتی بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں نبی بخش چنا، مرید چنا، حضور بخش چنا اور ایک معصوم بچی شامل ہیں، جبکہ ایک شخص کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔

علاقہ مکینوں نے کرین مشین کی مدد سے زخمیوں کو بس سے باہر نکالا، جبکہ زخمیوں کو ایمبولینسوں اور پولیس موبائلوں کے ذریعے شکارپور اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق میرپور بُرڑو سے تعلق رکھنے والی چنا برادری کی بارات اوستہ محمد سے واپس آرہی تھی کہ خان واہی کے قریب حادثہ پیش آیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور مزید کارروائی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں