کراچی میں 435 ایکڑ پر ایجوکیشن سٹی کا منصوبہ، سندھ حکومت اور سوئس کمپنی کے درمیان معاہدے

کراچی (ہینڈ آؤٹ) سندھ حکومت نے کراچی میں 435 ایکڑ پر مشتمل ایجوکیشن سٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے جسے اختراع، انٹرپرینیورشپ اور علم پر مبنی معاشی سرگرمیوں کا مرکز قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں سندھ حکومت، اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی اور سوئس کمپنی میکو اے جی کے درمیان یادداشتیں (ایم او یوز) دستخط کی گئیں۔

تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی سید قاسم نوید، وفاقی اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی کے چیئرمین اظفر منظور اور میکو کمپنی کے چیئرمین جو ہانس شریک ہوئے۔

توانائی کے منصوبے

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے مطابق ایجوکیشن سٹی میں میکو اے جی قابلِ تجدید توانائی کا پلانٹ قائم کرے گی جو ہوا، شمسی اور بیٹری اسٹوریج ٹیکنالوجی پر مبنی ہوگا۔ منصوبے کے تحت پہلے دس سال تک بجلی 0.11 ڈالر فی کلو واٹ گھنٹہ کے حساب سے فراہم کی جائے گی جبکہ ایجوکیشن سٹی کو چار فیصد رائلٹی بھی ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دس سال بعد بجلی کا ٹیرف مزید کم ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 100 ملین یورو کی غیر ملکی سرمایہ کاری سے انرجی اسٹوریج مینوفیکچرنگ سہولت بھی قائم کی جائے گی جس سے ایک ہزار سے زائد ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

سرمایہ کار دوست منصوبہ

وزیراعلیٰ سندھ نے اس منصوبے کو ’سرمایہ کار دوست‘ اور ’انتہائی پائیدار‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کا عالمی کلین انرجی سپلائی چین میں کردار مزید مضبوط ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں