سندھ میں احتجاج روکے جا رہے ہیں، جعلی حکومت قبول نہیں: سہیل آفریدی/ سید زین شاہ

جامشورو(رپورٹ: سہیل جویو) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اور تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے وائس چیئرمین سید زین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں سیاسی سرگرمیوں کو محدود کیا جا رہا ہے اور ان کی جماعت کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو جامشورو میں خیبر پختونخوا کے وزیرِاعلیٰ محمد سہیل آفریدی کے اعزاز میں دیے گئے ایک استقبالیے اور اس کے بعد منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

جی ایم سید ایڈیفس میں پہنچنے پر وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کا سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے رہنماؤں نے استقبال کیا، ان پر گل پاشی کی گئی اور انہیں اجرک پہنائی گئی۔ بعد ازاں پارٹی کے زیرِاہتمام جلسہ منعقد ہوا جس میں مختلف سیاسی کارکنوں اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سید زین شاہ نے الزام لگایا کہ صدر آصف علی زرداری کے احکامات پر سندھ میں احتجاج روکے جا رہے ہیں اور سیاسی سرگرمیوں پر پابندیاں بڑھائی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے نوجوانوں کو میرٹ اور انصاف سے محروم رکھا جا رہا ہے اور موجودہ حکومت عوامی مینڈیٹ کی نمائندہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2022ء کے بعد کی جانے والی آئینی ترامیم نے آئین کی روح کو متاثر کیا ہے اور عدالتی نظام کمزور ہوا ہے۔ سید زین شاہ کے مطابق ان کی جماعت پاکستان کے آئین کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

سید زین شاہ نے مطالبہ کیا کہ ملک میں نئے اور شفاف انتخابات کرائے جائیں

سید زین شاہ نے مطالبہ کیا کہ ملک میں نئے اور شفاف انتخابات کرائے جائیں
۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آٹھ فروری کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی جسے انہوں نے ’تبدیلی کا دن‘ قرار دیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے وزیرِاعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں عدلیہ کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری ہے۔ ان کے مطابق سابق وزیرِاعظم عمران خان نے جیل سے سندھ کے عوام کے لیے پیغام بھجوایا ہے کہ وہ اسٹریٹ موومنٹ کے لیے تیار رہیں۔

محمد سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ سندھ اس وقت پیپلز پارٹی اور آصف علی زرداری کے سیاسی اثر و رسوخ میں ہے اور کراچی میں باغِ جناح جیسے مقامات کو بند کیا جانا شہری آزادیوں پر قدغن ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ آئینی ترامیم نے ملک کے آئینی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا ہے۔

ایس یو پی کے استقبالیہ جلسے میں پی ٹی آئی خواتین کارکنان عمران خان کی تصویر اٹھا کر بیٹھی ہیں

تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سلمان اکرم راجا نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جیل میں رہ کر بھی اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے قدرتی وسائل، جن میں گیس اور پانی شامل ہیں، مقامی آبادی کو نہیں مل رہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے پلیٹ فارم سے وہ سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور عمران خان اصولوں کی سیاست کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد اس سیاسی جدوجہد کا حصہ ہیں۔

یہ جلسہ ایسے وقت میں منعقد ہوا ہے جب ملک میں آئینی ترامیم، سیاسی کشیدگی اور عدالتی معاملات پر بحث جاری ہے اور مختلف سیاسی جماعتیں مستقبل کی حکمتِ عملی کے لیے متحرک دکھائی دے رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں