اسلام آباد (ویب ڈیسک) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان سیز فائر معاہدے کو برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے تاکہ خطے میں امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی پریس بریفنگ کے بعد کہا کہ پاکستان کی درخواست پر مثبت ردعمل دینے اور وزیر اعظم کی جانب سے سیز فائر کی اپیل کو قبول کرنے پر وہ ایران اور امریکا کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری مذاکرات آج صبح مکمل ہوئے، اور پاکستان کی جانب سے دونوں ممالک کے وفود کا اسلام آباد آمد پر خیر مقدم کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ امریکا اور ایران مثبت انداز میں آگے بڑھیں گے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آئندہ دنوں میں بھی اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور دونوں ممالک کے درمیان رابطہ کاری میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔