لندن: پاک فوج کی ٹیم نے برطانیہ میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی فوجی مقابلے کیمبرین پٹرول 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کر لیا۔
سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق کیمبرین پٹرول 2026 کا انعقاد 2 سے 13 اکتوبر تک برطانیہ کے علاقے ویلز میں ہوا، جس میں 36 ممالک کی 140 ٹیموں نے حصہ لیا۔
رواں سال پاکستان کی نمائندگی پاک فوج کی 59 پنجاب رجمنٹ کی ٹیم نے کی، جس میں ایک افسر اور سات جوان شامل تھے۔ پاکستانی ٹیم نے مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل جیتا۔
اس کامیابی کے اعزاز میں لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کی جانب سے پاک فوج کی ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیا گیا۔
کیمبرین پٹرول کو دنیا کے مشکل ترین بین الاقوامی فوجی پٹرولنگ مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے، جس میں شریک ٹیموں کی جسمانی برداشت، پیشہ ورانہ مہارت، قیادت اور مشکل حالات میں کارکردگی کا امتحان لیا جاتا ہے۔
سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق پاکستان گزشتہ پانچ سال سے اس مقابلے میں مسلسل تمغے حاصل کر رہا ہے۔ پاکستانی فوجی ٹیموں نے 2022 اور 2023 میں سلور میڈلز، جبکہ 2024 اور 2025 میں گولڈ میڈلز جیتے تھے۔
اس سے قبل بھی پاک فوج کی ٹیمیں 2010، 2015، 2016، 2017 اور 2018 میں گولڈ میڈلز حاصل کر چکی ہیں۔
کیمبرین پٹرول میں پاکستانی ٹیم کی مسلسل کامیابیاں بین الاقوامی سطح پر پاک فوج کی تربیت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جسمانی استعداد کی عکاس ہیں۔