پشاور(ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے افریدی آباد میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے 20 طلبہ اور ایک خاتون ٹیچر سمیت کم از کم 21 افراد جاں بحق، جبکہ 21 دیگر زخمی ہوگئے۔
ڈان کے مطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے طلبہ میں 18 لڑکے اور دو لڑکیاں شامل ہیں، جن کی عمریں 7 سے 12 سال کے درمیان تھیں۔ حادثے میں ایک خاتون ٹیچر بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔
اسپتال ترجمان کے مطابق زخمیوں میں سے پانچ کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ واقعے کے بعد اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
پشاور کے ڈپٹی کمشنر آفاق وزیر کے مطابق افریدی آباد میں واقع الخیر اسکول کی چھت گرنے سے طلبہ ملبے تلے دب گئے۔ ڈپٹی کمشنر آفس کے مطابق حادثے کے وقت طلبہ اپنی جماعتوں میں موجود تھے۔
حادثے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں شروع کردیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری رکھا۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی نے ابتدائی طور پر بتایا تھا کہ طلبہ اور اساتذہ سمیت تقریباً 20 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات میں لیڈی ریڈنگ اسپتال کے حوالے سے چار ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی تھی، تاہم بعد میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ گئی۔
گورنر خیبر پختونخوا کا اظہارِ افسوس
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسکول کی چھت گرنے سے بچوں کی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چھت گرنے کی وجوہات کا تعین کیا جائے اور زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
گورنر نے جاں بحق بچوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
پاکستان میں عمارتیں گرنے کے واقعات
پاکستان میں ناقص تعمیرات، غیر معیاری تعمیراتی مواد اور حفاظتی انتظامات کی کمی کے باعث عمارتوں اور چھتوں کے گرنے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔
رواں سال جولائی میں عمرکوٹ کے قریب ایک سرکاری پرائمری اسکول کی بیرونی دیوار کا حصہ گرنے سے تین بچیاں جاں بحق ہوگئی تھیں۔ اسی ماہ لاہور کے علاقے باغبان پورہ میں زیرِ تعمیر نجی اسکول کی چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق اور کم از کم پانچ افراد زخمی ہوئے تھے۔
جون میں لاہور کے علاقے کاہنہ میں نجی ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ اس سے قبل ڈیرہ غازی خان میں نجی اسکول کے کلاس روم کی چھت گرنے سے چار بچے جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہوگئے تھے۔