جشن آزادی: سبز و سفید کا سمندر، سکھر میں تاریخ کا سب سے بڑا انسانی پرچم

سکھر(رپورٹ: تاج رند) جشنِ آزادی اور حالیہ معرکۂ حق کی کامیابی کے تسلسل میں آئی بی اے پبلک اسکول سکھر میں ایک شاندار اور ولولہ انگیز تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں 3080 طلبہ و طالبات نے سبز ہلالی پرچم کی شکل میں ”ہیومن فلیگ” بنا کر سکھر کی تاریخ کا ایک منفرد ریکارڈ قائم کیا۔

یہ انسانی پرچم حب الوطنی، اتحاد اور یکجہتی کا مظہر قرار دیا گیا۔ طلبہ نے سبز و سفید لباس زیب تن کیا تھا اور کئی روز کی محنت کے بعد اس تاریخی منظر کو مکمل کیا، جبکہ فضاء “پاکستان زندہ باد” اور “کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعروں سے گونجتی رہی۔

تقریب میں ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، کمشنر سکھر ڈویژن عابد قریشی، ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان، ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد مغل، سکھر آئی بی اے پبلک اسکول کے پرنسیپل ڈاکٹر علی گوھر چانگ،ٹاؤن کمیٹی نثار احمد صدیقی کے چئیرمین طارق چوہان، ٹاؤن کمیٹی مکی شاہ کے وائس چئیرمین مرتضیٰ گھانگھرو، میونسپل کمشنر علی رضا انصاری سمیت معزز افسران، اساتذہ، والدین اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

اپنے خطاب میں بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ یہ منظر قائداعظم محمد علی جناح کے اُس عزم کی یاد دلاتا ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو متحد کیا۔ انہوں نے پاک فوج کی حالیہ معرکۂ حق میں بھارت کو شکست دینے پر جنرل عاصم منیر اور سپاہیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم جلد 25 ہزار طلبہ کا ہیومن فلیگ بنا کر ایک اور ریکارڈ قائم کریں گے اور اس دن کا انتظار ہے جب کشمیر کی آزادی کا جشن پورے پاکستان میں منایا جائے گا۔

تقریب میں بچوں کے ملی نغموں، حب الوطنی پر مبنی تقاریر اور نعرہ بازی نے ماحول کو مزید پرجوش بنا دیا، جبکہ شرکاء نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کی سالمیت اور آزادی کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کا عزم کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں