کراچی: شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے اہم انتظامی فیصلہ کرتے ہوئے پیر محمد شاہ کو ایک بار پھر ڈی آئی جی ٹریفک کراچی تعینات کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیر محمد شاہ کو 30 جنوری کو ایس این جی ڈی بھیج دیا گیا تھا، جس کے بعد مظہر نواز شیخ کو ڈی آئی جی ٹریفک کا اضافی چارج دیا گیا تھا۔ تاہم اب مظہر نواز شیخ دوبارہ اپنے عہدے بطور ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیر محمد شاہ آج سے بطور ڈی آئی جی ٹریفک اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جبکہ اس حوالے سے چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ سندھ نے شہر میں ٹریفک کی خراب صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا اور پولیس کی کارکردگی پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ ماہِ رمضان کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
ٹریفک نظام کو مؤثر اور رواں رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس نے ضلعی پولیس سے تعاون لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ شہر بھر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔