کھلے گٹر میں گر کر چھٹی جماعت کی طالبہ جاں بحق، گھر میں کہرام

ٹنڈو آدم (ویب ڈیسک)ٹنڈو آدم کے علاقے خدا بخش کالونی میں میونسپل انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں گٹر پر ڈھکن نہ ہونے کی وجہ سے 12 سالہ بچی اور چھٹی جماعت کی طالبہ طوبیٰ دختر طارق آرائیں گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق بچی اچانک کھلے گٹر میں گر گئی، جس کے بعد مقامی افراد نے اسے باہر نکال کر اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔

بچی کی میت گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور علاقہ سوگوار ہو گیا۔

ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ میونسپل انتظامیہ کی نااہلی کے باعث شہر کے کئی گٹروں پر ڈھکن موجود نہیں ہیں، متعدد بار آگاہ کرنے کے باوجود کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ اہلخانہ کے مطابق اس سے قبل بھی اس نوعیت کے واقعات پیش آ چکے ہیں، لیکن انتظامیہ کی غفلت برقرار ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں