روہڑی: ماتمی جلوس میں بھگدڑ اور دم گھٹنے سے 4 عزادار جاں بحق، متعدد زخمی

روہڑی(رپورٹ: ذوالفقار ملاح) محرم الحرام کے سلسلے میں روہڑی سے صدیوں پرانا 500 سالہ نو ڈھال تعزیہ کربلا معلیٰ برآمد کیا گیا، کی زیارت اور جلوس میں شرکت کے لیے بڑی تعداد میں عزادار موجود تھے۔ تاہم تعزیے کو کندھا دینے اور زیارت کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں چار عزادار جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد ماتمی تعزیے کے نیچے دبنے اور دم گھٹنے کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر تعلقہ ہسپتال روہڑی منتقل کیا گیا، جہاں سے سات افراد کی تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں سول ہسپتال سکھر ریفر کر دیا گیا۔

ایدھی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے چار عزاداروں میں سے دو کی شناخت 20 سالہ عمران شیخ اور 18 سالہ نوید شیخ، ساکنان کندھ کوٹ، کے طور پر ہوئی ہے جبکہ دیگر دو افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد کی میتیں شناخت کے لیے تعلقہ ہسپتال روہڑی میں رکھی گئی ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے جبکہ انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔

واقعے کی مزید تفصیلات اور زخمیوں کی تعداد کے حوالے سے معلومات جمع کی جا
رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں