کراچی دنیا کے کم ترین قابلِ رہائش شہروں میں شامل، عالمی درجہ بندی میں 170ویں نمبر پر آگیا

کراچی(انٹرنیشنل ڈیسک)عالمی جریدے اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ (EIU) کی جاری کردہ گلوبل لائیویبلٹی انڈیکس 2026 میں سندھ کے دارالحکومت اور پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کو دنیا کے کم ترین قابلِ رہائش شہروں میں شامل کیا گیا ہے۔ 173 شہروں کی فہرست میں کراچی 170ویں نمبر پر رہا، جبکہ اس سے نیچے صرف ڈھاکا، طرابلس اور دمشق کا نمبر آیا۔

رپورٹ کے مطابق کراچی کو مجموعی طور پر 100 میں سے 43 پوائنٹس ملے، جو الجزائر کے دارالحکومت الجزائر کے برابر ہیں۔ شہر نے تعلیم کے شعبے کے علاوہ تقریباً تمام اہم اشاریوں میں کمزور کارکردگی دکھائی۔

رپورٹ کے مطابق کراچی کے مختلف شعبوں میں حاصل کردہ اسکور درج ذیل ہیں:

* استحکام : 20
* صحت: 54
* ثقافت و ماحول : 36
* تعلیم : 75
* بنیادی ڈھانچہ : 52

اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ کے مطابق عالمی لائیویبلٹی انڈیکس میں شہروں کا جائزہ استحکام، صحت، ثقافت و ماحول، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے جیسے اشاریوں کی بنیاد پر لیا جاتا ہے تاکہ کسی شہر میں رہنے والے افراد کے معیارِ زندگی کا اندازہ لگایا جا سکے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بڑے شہروں میں ٹریفک کا شدید دباؤ، جرائم اور شہری مسائل ان کی درجہ بندی کو متاثر کرتے ہیں، اور کراچی بھی انہی چیلنجز سے دوچار ہے۔

دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ کے کئی شہر بھی حالیہ ایران-امریکہ کشیدگی کے اثرات کے باعث درجہ بندی میں تنزلی کا شکار ہوئے۔ مسقط 14 درجے تنزلی کے بعد 123ویں، دوحہ 108ویں، دبئی 79ویں اور ابوظہبی 76ویں نمبر پر آ گئے۔

رپورٹ کے مطابق کوپن ہیگن دنیا کا سب سے زیادہ قابلِ رہائش شہر قرار پایا، جبکہ ویانا دوسرے اور میلبورن تیسرے نمبر پر رہے۔ ٹاپ ٹین میں شمالی امریکا سے صرف وینکوور اور ایشیا سے صرف ٹوکیو شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں