پیر جو گوٹھ : رشتے کے تنازع پر فائرنگ، ساس اور بہو سمیت 5 افراد جاں بحق، بچی سمیت 2 زخمی

پیر جو گوٹھ(انڈس ٹربیون) سندھ کے ضلع خیرپور کے علاقے پیر جو گوٹھ کے قریب گاؤں اسحاق ناریجو میں ناریجا برادری کے دو گروپوں کے درمیان مبینہ طور پر رشتے (سگائی) کے تنازع پر ہونے والے مسلح تصادم میں ساس اور بہو سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ ایک بچی سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے دوران ایک گروپ سے فتح محمد ناریجو اور ان کا بیٹا راجا ناریجو جاں بحق ہوگئے، جبکہ دوسرے گروپ سے سہراب ناریجو، جیجان ناریجو اور ان کی بہو رابیہ ناریجو بھی جان کی بازی ہار گئے۔

واقعے میں علی رضا ناریجو نامی بچی سمیت 2 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پانچ افراد کے قتل کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جبکہ صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے مختلف تھانوں سے مزید نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حالات پر قابو پانے کے لیے علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں