گورنر راج اور ایمرجنسی کا فیصلہ قومی سلامتی کے مطابق ہے، فاروق ستار

کراچی (انڈس ٹربیون) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ بروقت اور قومی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت انتہا پسندی اور دہشت گردی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے ریاستی اداروں کو مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ سے متعلق فیصلے کی ایم کیو ایم حمایت کرتی ہے۔ ان کے مطابق پارٹی کے دونوں وفاقی وزرا کابینہ کے اجلاس میں موجود تھے، جس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں کالعدم دہشت گرد تنظیموں کو کھلی چھوٹ ملنے کے باعث خیبر پختونخوا میں حالات خراب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان قومی سلامتی کے معاملے پر ریاست اور عسکری اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

پیپلز پارٹی اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی گورنر راج کے نفاذ کی مخالف ہے تو اسے صدرِ مملکت کے احکامات سے متعلق اپنا مؤقف واضح کرنا چاہیے۔ انہوں نے سندھ میں دہشت گردوں کے مبینہ سلیپر سیلز کے خلاف کارروائی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کو مقدم رکھا جانا چاہیے اور دہشت گردوں سمیت ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے 26 کروڑ عوام کے حقوق، امن اور سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما انیس احمد قائم خانی، فرقان اطیب، سابق میئر کراچی وسیم اختر، شکیل احمد، کامران فاروقی اور دیگر رہنماؤں سمیت اراکینِ اسمبلی بھی موجود تھے۔

نیو کراچی ٹاؤن میں اظہارِ تشکر ریلی

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی ہدایت پر نیو کراچی ٹاؤن کے تحت وفاقی حکومت کے قومی سلامتی سے متعلق فیصلوں پر اظہارِ تشکر کے لیے ریلی نکالی گئی۔

ریلی کے شرکاء نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق فیصلوں پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں