کراچی میں کروڑ پتی گھریلو ملازم کی گرفتاری، ڈیفنس سے سونا، نقدی اور جائیدادوں کا انکشاف

کراچی (ويب ڈیسک) کراچی شہر کے پوش علاقے ڈیفنس سے پولیس نے چوری کے الزام میں ایک گھریلو ملازم کو گرفتار کیا ہے جو کروڑوں روپے مالیت کے اثاثوں، بینک اکاؤنٹس اور سونے کا مالک نکلا. ملزم نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے.

ترجمان ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے مطابق ساحل پولیس نے ایک خاتون کی شکایت پر گھریلو ملازم واجد علی کو گرفتار کر کے بھاری مالیت کا سونا اور نقدی برآمد کی۔ گرفتار ملزم گزشتہ 8 سال سے ڈیفنس میں ایک معمر خاتون کے گھر ملازمت کر رہا تھا۔ شوہر کے انتقال کے بعد وہ خاتون کی دیکھ بھال کرتا رہا اور اسی دوران گھر کے بینک اکاؤنٹس، لاکرز اور مالی لین دین تک رسائی حاصل کرلی.

پولیس کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ کئی سال سے گھر سے رقوم، سونا، ڈالر اور دیگر قیمتی اشیا چوری کرتا آ رہا تھا۔ اس نے وقتاً فوقتاً اے ٹی ایم کارڈز اور چیک بُک کے ذریعے بھی بھاری رقوم اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کیں جن کی مجموعی مالیت کروڑوں روپے ہے.

ترجمان کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے برآمدگی بھی کی، جس میں 5،5 تولہ سونے کے 2 بسکٹ، 2،2 تولہ سونے کے 2 بسکٹ، ایک، ایک تولہ سونے کے 7 بسکٹ اور دو لاکھ 27 ہزار روپے نقدی شامل ہیں.

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران مزید انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے چوری کی گئی رقم سے کراچی کے پوش علاقے میں فلیٹ، ہری پور اور اسلام آباد میں پلاٹس خریدے، جبکہ ایک مسافر وین بھی خریدی جو اسلام آباد سے ہری پور کے درمیان چلائی جا رہی تھی.

ترجمان کے مطابق ساحل پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا ہے، جو اس کے بینک اکاؤنٹس، جائیدادوں اور مالی لین دین کی تفصیلات حاصل کر رہی ہے.

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ ملزم کے تمام اکاؤنٹس منجمد کرنے اور اس کی مالی سرگرمیوں کا مکمل ریکارڈ حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جبکہ کیس میں مزید اہم انکشافات کی توقع ہے.

اپنا تبصرہ لکھیں